سول ملٹری تعلقات کی بہتری کیلئے کل وقتی وزیر دفاع بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد (آصف بشیر چودھری/نیشن رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے سول ملٹری تعلقات کی بہتری کیلئے جزوقتی وزیر دفاع کی بجائے کل وقتی وزیر دفاع مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور کابینہ میں توسیع کے موقع پر خواجہ آصف سے وزیر دفاع کا اضافی چارج واپس لے لیا جائیگا۔ کابینہ کے ایک اہم رکن نے نیشن کو بتایا کہ وزیر داخلہ چودھری نثار کی وزیراعظم کے ساتھ ہونیوالی طویل ملاقات میں اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا اور وزیراعظم نے انہیں اس حوالے سے تمام اقدامات کرکے سول ملٹری فاصلے کم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کو وزیر دفاع بنائے جانے کا قوی امکان ہے اور ان کی تعیناتی کی بڑی وجہ ان کا فوجی پس منظر بتایا جا رہا ہے کیونکہ جنرل راحیل اور قادر بلوچ میں بہتر ورکنگ ریلیشن شپ رہ چکی ہے۔ واضح رہے کہ قادر بلوچ نے جنرل راحیل کو آرمی چیف بنانے کی حمایت کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی بریفنگز میں بھی وہ موجود ہوتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے چودھری نثار کو وزیر دفاع بننے کی پیشکش کی تاہم انہوں نے انکار کر دیا۔
کل وقتی وزیر دفاع