سوات میوزیم جلد دوبارہ کھولا جائے شہریوں کا خیبر پی کے حکومت سے مطالبہ
مینگورہ (طاہر علی/ دی نیشن رپورٹ) سیاحتی اور ثقافتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے مالا کنڈ ڈویژن کے شہریوں نے خیبر پی کے حکومت سے سوات آرکیالوجیکل میوزیم فی الفور کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 2007ء سے لے کر 2009ء تک عسکریت پسندی کے بڑھتے رجحان میں ایک میوزیم کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ جسے سوات میں اٹلی کے آرکیالوجیکل مشن کے تعاون سے مرمت کے بعد دوبارہ بحال کر دیا گیا تھا۔ 11نومبر 2013ء کو افتتاح کے باوجود میوزیم کو اب تک عوام کے لئے نہیں کھولا گیا۔ 1960ء میں بنایا گیا سوات میوزیم کو 2005ء کے زلزلے اور 2008ء میں قریب ہونے ایک دھماکے سے نقصان پہنچ چکا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ سیاحت کے اس سیزن میں خاص طور پر سوات میوزیم کا کھولا جانا انتہائی ضروری ہے۔ پنجاب کے ایک سیاح اشفاق علی نے کہا ہم نے سوات میں جہان آباد کے بدھا جیسی گندھارا تہذیب کے آثار قدیمہ کا دورہ کیا۔ ہم سوات میوزیم دیکھنا چاہتے ہیں مگر بدقسمتی سے اسے کھولا نہیں جاتا۔ ’’دی نیشن‘‘ نے جب میوزیم کے نگران فیض الرحمن سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا سب کچھ تیار ہے مگر واش روم اور پانی کا نظام خراب ہونے اور ان کی دوبارہ تعمیر جاری ہونے کی وجہ سے میوزیم کو کھولنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلے اور لائٹنگ سسٹم تیار ہے جیسے ہی تعمیراتی کام مکمل ہو گا اسے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
سوات میوزیم