کراچی: فائرنگ ‘ مجلس وحدت المسلمین کے کارکن سمیت 6جاں بحق، 2 زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں قتل و غار ت گری کا سلسلہ جاری جمعرات کو بھی تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں مجلس وحدت المسلمین کے کارکن سمیت 6 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ مجلس وحدت المسلمین کے کارکن کی ہلاکت کے بعد نمائش چورنگی پر احتجا ج اور دھرنا دیا گیا۔ 41 سالہ آصف کربلائی کو صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے نزدیک اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ کار میں جارہے تھے۔ ان کی ہلاکت کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پائی گئی اور مجلس وحدت المسلمین کے کارکنوںکی بڑی تعداد نے ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی کے نزدیک احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا اور احتجاجی دھرنے کے سبب ایم اے جناح روڈ ٹریفک کی آمد و رفت بھی معطل رہی۔ ادھرلسبیلہ پل کے نزدیک نامعلوم افراد نے ایک 35 سالہ شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ لیاری کے علاقے بکرا پیڑی سے ایک 30 سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش بھی ملی ان دنوں مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ اس کے علاوہ جمعرات کی شام افطار سے قبل لی مارکیٹ سے مسلح افراد نے ایک شخص 30 سالہ سمیر الدین ولد قطب الدین کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ اورنگی ٹائون میں کٹی پہاڑی کے نزدیک 28 سالہ حیات ولد حبیب کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا اور لانڈھی کے علاقے مظفر آباد کالونی میں مصطفی مسجد کے نزدیک نامعلوم افرا دکی فائرنگ سے ایک شخص 30 سالہ اجمل زخمی ہوگیا۔رینجرز و پولیس کے لیاری گینگ وار کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن میں جمعرات کی صبح نیپئر میں مقابلہ، شیراز کامریڈ اور سہیل ڈاڈا کے 4گینگ وار کارندے ہلاک، آرمی نیوی کے 7انٹر نیشنل فٹ بالر سمیت 50 سے زائد افرادکے قتل میں ملوث تھے، مواچھ گوٹھ میں جشن، مٹھائیاں تقسیم۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے بغدادی، سیفی لین میں مقابلے میں لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈر مجید سٹیل اور اس کے ساتھی اختر کلے کو ہلاک کر دیا اور ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، دستی بم، آوان گولے، بلٹ پروف جیکٹس، سینکڑوں گولیاں بر آمد کر لیں۔ ملزمان گینگ وار ملزمان شیراز کامریڈ کے مواچھ گوٹھ کے کمانڈر تھے۔پولیس ذرائع نے بتایا ملزم مجید سٹیل 35سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا 50سے زائد کنٹینروں کو بھی اغواء کر کے تاوان لے چکا تھا، نیپئر پولیس نے لی مارکیٹ میں مقابلے میں کاشف عرف موٹا کو ہلاک کر دیا۔کراچی سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری سے تین افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق نعشیں چاکیواڑہ اور اطراف سے ملی ہیں۔ منگھوپیر میں فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ لیاری سے ملنے والی دو نعشوں کی شناخت محمد خلیل اور رحمت کے نام سے کرلی گئی۔ ایس پی لیاری شاہ نواز خان کے مطابق تینوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ ایسا لگتا ہے تینوں افراد گینگ وار کے آپس کے جھگڑے میں مارے گئے ہیں۔علاوہ ازیں جمعرات کی شب محمودآباد کے علاقے اعظم ٹاؤن میں نو 14 سالہ عبداللہ ولد خان نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے جاں بحق جبکہ نیوکراچی میں دو منٹ کی چورنگی کے نزدیک مسلح افراد نے ایک پولیس اہلکار توفیق ولد رفیق کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا