گرینڈ الائنس ضروری نہیں، عمران اور طاہر القادری ایک ایجنڈے پر آسکتے ہیں: شجاعت
لاہور (آئی این پی) (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ گرینڈ الائنس ضروری نہیں عمران خان اور طاہر القادری ایک ایجنڈے پر آسکتے ہیں، ہم جمہوریت اور حکومت کے خاتمے کی بات نہیں کرتے لیکن اگر خود حکومت رہنا نہیں چاہتی تو اسے سہارا نہیں دیں گے، طاہر القادری کے 10 نکات آئین و قانون کے مطابق ہیں، موجودہ حکومت آئینی مدت پوری کرجائے تو یہ بہت بڑا عجوبہ ہوگا۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران چودھری شجاعت نے کہا کہ ق لیگ کی پہلی کوشش ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کو ایک ایجنڈے پر لائیں کیونکہ جب دونوں جماعتیں مل کر انقلاب کیلئے جدوجہد کریں گی تو اسے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکے گی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے خود اپنی بڑی دشمن ہے۔