• news

خورشید شاہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اتفاق رائے کیلئے سرگرم

اسلام آباد (محمد نواز رضا / وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ انتخابی اصلاحات پر مبنی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل سے قبل پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھنے والی جماعتوں سے چیف الیکشن کمشنر کی اہلیت میں بیورو کریٹس اور دیگر غیر متنازعہ شخصیات کو شامل کرنے اور آئندہ مدت کے لئے انتخابات میں حکومت کی آئینی مدت 4سال مقرر کرنے کے لئے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہوگئے ہیں۔ سید خورشید شاہ کی تجویز سے حکومتی اتحاد کی جانب سے بھی مثبت جواب موصول ہوا ہے تاہم ابھی تک تحریک انصاف نے سید خورشید شاہ کی تجویز پر آمادگی کا تو اظہار کیا ہے لیکن وہ ایجی ٹیشن کے ذریعے حکومت پر دباؤ برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ‘ تحریک انصاف کو ایجی ٹیشن چھوڑ کر پارلیمانی کمیٹی میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دے رہے ہیں چیف الیکشن کمشنر کے لئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے لئے ابھی تک کوئی قابل قبول نام سامنے نہیں آیا لہذا اپوزیشن لیڈر چیف الیکشن کمشنر کے لئے شرائط نرم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنی اس تجویز پر وفاقی وزیر خزانہ و اقتصادی امور سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن سے مشاورت کی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے دورہ لندن سے واپسی کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن