ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کرپشن کیس، امین فہیم کی 12مقدمات میں ضمانت منظور
کراچی (ثناء نیوز+ این این آئی) وفاقی اینٹی کرپشن عدالت کے جج محمد عظیم نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹریز کے صدر مخدوم امین فہیم کی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کرپشن کیس میں 12 الگ الگ مقدمات میں دو دو لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔ ٹڈاپ کرپشن کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم عدالت میں پیش ہوئے خورشید شاہ بھی اظہار یکجہتی کیلئے عدالت پہنچے جبکہ اس موقع پر پی پی اور سروری جماعت کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی کمرہ عدالت کے باہر موجود تھے کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ پی پی کے رہنمائوں کو مقدمات سے بری کیا جائے۔ وفاقی اینٹی کرپشن عدالت کے جج محمد عظیم نے اپنے چیمبر میں مخدوم امین فہیم کی 12 مختلف مقدمات میں دو دو لاکھ کے ذاتی مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی۔ یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں بھی 5 اگست تک توسیع کر دی گئی۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم کی آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی منظور کر لیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت5 اگست تک ملتوی کر دی۔