کراچی آپریشن پر تحفظات‘ الطاف کا آرمی چیف کو خط لکھنے کا فیصلہ موخر‘ تحقیقاتی کمیٹی بنے گی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی جس میں کراچی میں جاری آپریشن پر ایم کیو ایم کی شکایات اور تحفظات پر تفصیلی تبادلہ کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق کور کمانڈر کراچی نے الطاف حسین کی شکایات کو غیر جانبدار اور دیانتدار افسر کی حیثیت سے سنا۔ کراچی آپریشن کے دوران شکایات کا جائزہ لینے کیلئے 6 رکنی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی میں آپریشن کرنیوالے اداروں کے تین حکام اور ایم کیو ایم کے تین اراکین شامل ہوں گے۔ الطاف حسین نے کور کمانڈر سے گفتگو کے بعد آرمی چیف کو کھلا خط لکھنے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔ قبل ازیں الطاف حسین نے کہا تھا کہ وہ آرمی چیف کو خط لکھنے پر مجبور ہیں کیونکہ کارکنوں کو بلاجواز قتل اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ آئندہ بھی کھلے خط کے ذریعے اطلاع دیتا رہوں گا۔ لسانی بنیادوں پر اردو بولنے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کراچی آپریشن غیرجانبدار نہیں۔ بلاجواز گرفتاریوں اور ماورائے عدالت قتل پر چپ نہیں بیٹھوں گا۔
الطاف حسین