چودھریوں کی طاہر القادری سے ملاقات، عمران کے مارچ پر تمام جماعتیں متفق ہیں: پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ق لیگ کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ پر سب جماعتیں متفق ہیں، ہماری کوشش ہے کہ اکٹھے لانگ مارچ کریں، مقصد کے حصول کے لئے تمام جماعتوں کے پاس جائیں گے۔ لانگ مارچ ضرور ہوگا اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔ طاہر القادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے استعفے کے بعد ہی سانحہ لاہور کی شفاف تحقیقات ہوں گی۔ ملک میں غریب آدمی کو انصاف ملنا چاہئے۔ ایسا نظام لایا جائے جس سے غریب آدمی کی زندگی میں بہتری آئے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف سابق صدر پرویز مشرف سے ڈیل کرکے گئے اور ڈیل کرکے ہی واپس آئے۔ پرویز مشرف سے کمٹمنٹ کے حوالے سے پی پی پوری اتری اور پرویز مشرف کے خلاف کوئی کیس نہیں بنایا۔ چودھری شجاعت بھی طاہر القادری کے ساتھ ملاقات میں موجود تھے۔