بیرون ملک جانے والے 200 روپے کے بدلے جعلی ویکسی نیشن کارڈ بنوانے لگے
اسلام آباد(آئی این پی) عالمی ادارہ صحت کی پابندیاں ردی کی ٹوکری کی نذر ہونے لگیں‘ بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانی 200 روپے کے عوض جعلی پولیو ویکسی نیشن کارڈ بنوانے لگے‘ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن نے امیگریشن حکام کو جعلی پولیو کارڈ بنوانے والے افراد کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ جمعہ کو ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے امیگریشن حکام نے 150 سے زائد جعلی پولیو سرٹیفکیٹ پکڑے ہیں جو پرائیویٹ فوٹو سٹیٹ کی دکانوں سے بنوائے گئے ہیں۔