• news

تحفظ پاکستان بل میں ترامیم کیلئے بل پیش کرینگے : فاروق ستار

کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے آخری وقت پر تحفظ پاکستان آرڈی ننس کی مخالفت کی، صرف قومی ضرورت سمجھ کر تحفظ پاکستان بل کی تائید کی۔ یہ بل نہایت عجلت میں منظور کیا گیا۔ تحفظ پاکستان بل میں ترامیم کے لئے بل پیش کریں گے، غربت اور بیروزگاری ختم ہوجائے تو دہشت گردی اور جرائم کا بھی خاتمہ ہوسکتا ہے۔ مقامی حکومت کی عدم موجودگی کے سبب شہر قائد لوڈشیڈنگ اور نکاسی آب سمیت بڑے مسائل میں گھر چکا ہے۔  وہ جمعہ کو سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام حسین آباد میں مستحق خاندانوں میں رمضان راشن کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل کی کچھ دفعات سے انسانی حقوق کی پامالی کا خدشہ ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر ضروری اختیارات دیئے گئے ہیں۔ یہ بل نہایت عجلت میں منظور کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم تحفظ پاکستان بل میں ترامیم کے لئے بل پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل افواج پاکستان کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کے کارناموں اور رویوں سے ملک نہیں چل سکتا۔ ریاست اور حکمرانوں کا کام ہے کہ لوگوں کو امن اور روزگار دیں۔ دنیا میں انسانیت کی خدمت سے بڑا اور کوئی کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی ریاست وہ ہے جہاں عوام کو عزت سے جینے اور مرنے کا حق حاصل ہو۔ حکومت کی تمام تر ذمہ داری ان اداروں نے اٹھا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت کی عدم موجودگی کے سبب شہر میں پانی کا نظام خراب ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور نکاسی آب بھی کراچی کے بڑے مسائل ہیں۔ بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل پارہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن