حج پالیسی: وفاقی سیکرٹری کو اعتراضات پر فیصلہ کرنے کا موقع دیئے جانے کی استدعا منظور
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان نے وفاقی سیکرٹری مذہبی امور کو حج پالیسی کے خلاف اعتراضات کا فیصلہ کرنے کا موقع دیئے جانے کی استدعا منظور کرتے ہوئے اس بارے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ فاضل عدالت نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت عالیہ کے عبوری فیصلے کی کاپی موصول نہیںہو سکی جبکہ درخواست گزاروں کے وزارت مذہبی امور سے رجوع نہ کرنے کی بنا پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امورکی جانب سے اعتراضات کا فیصلہ نہیں سنایا گیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حج پالیسی کے خلاف اعتراضات تحریری طور پر جمع کرائے جا چکے ہیں اسی بنا پر درخواست گزاروں کا وزارت مذہبی امور سے رجوع کرنا لازم نہیں ہے۔ درخواست گزاروں نے حج پالیسی کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ حج اسلامی شعائر ہے مگر اسے کاروبار بنا لیا گیا ہے۔ موجودہ حج پالیسی سپریم کورٹ کے احکامات سے ہٹ کر بنائی گئی ہے۔