رواں رمضان کے دوران گذشتہ سال کے مقابلے میں سبزیاں‘ برائلرگوشت اور انڈے ہوشربا مہنگے
لاہور (احسن صدیق) سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں رمضان کے دوران گذشتہ سال کے رمضان کی نسبت پرچون سطح پر سبزیوں، پھلوں، برائلر مرغی کے گوشت اور فارمی انڈوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ سبزیوں کی قیمتوں میں 122 روپے تک، پھلوں کی قیمتوں میں 52 روپے تک، برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 13 روپے اور فارمی انڈوں کی فی درجن قیمت میں 6 روپے اضافہ ہوا ہے۔ سبزیوں میں ایک کلو آلو کچھا چھلکا کی قیمت میں 24 روپے اضافہ ہوا اور اس کا ریٹ 36 روپے سے بڑھ کر 60 روپے ہو گیا۔ آلو شوگر فری کی قیمت 34 روپے اضافے سے 59 روپے ہوگئی۔ ادرک سنگاپور کی قیمت 122 روپے اضافے سے 216 روپے، لیموں دیسی 27 روپے اضافے سے 101 روپے، پھول گوبھی 10 روپے اضافے سے 69 روپے، سبز مرچ 41 روپے اضافے سے 90 روپے، مٹر 12 روپے اضافے سے 116 روپے، ٹینڈے دیسی 10 روپے اضافے سے 46 روپے کلو ہو گئے۔ پھلوں میں سیب سفید 11 روپے اضافے سے 95 روپے، انار دیسی 26 روپے اضافے سے 110 روپے، کیلا اول درجن 32 روپے اضافے سے 96 روپے، کھجور ایرانی 41 روپے اضافے سے 165 روپے، آم انور رٹول 15 روپے اضافے سے 99 روپے، خوبانی موٹی 12 روپے اضافے سے 126 روپے، گرما 10 روپے اضافے سے 74 روپے، انگور سندرخانی 45 روپے اضافے سے 224 روپے، آم چونسہ کی قیمت 20 روپے اضافے سے 99 روپے ہو گئی۔ برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 196 روپے سے بڑھ کر 209 روپے ہو گئی اور ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت 76 روپے سے بڑھ کر 82 روپے ہو گئی۔ علاوہ ازیں اسلام آبادسے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان نے کہا ہے ایک ہفتے کے دوران اشیاء کے نرخ بڑھ گئے۔ ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے ایل پی جی کا 11کلو کا گھریلو سلنڈر 51 روپے اضافے سے 1325روپے کا ہو گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران انڈے ، پیاز چینی کے علاوہ لہسن اور کیلے کا نرخ بھی بڑھ گئے۔
ادارہ شماریات پاکستان