• news

بدترین لوڈشیڈنگ جاری‘ کئی شہروں میں احتجاج‘ کوئٹہ میں ٹرین روک لی‘ گرمی سے دو افراد جاں بحق

لاہور+ گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر   +نامہ نگاران+ ایجنسیاں) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا خصوصاً سحری و افطاری کے اوقات میں بجلی کی مسلسل بندش نے روزہ داروں کو پریشانی میں مبتلا رکھا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی کی واضح احکامات کے بعد بھی لیسکو نے لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق نہیں کی۔ لاہور شہر کے مختلف علاقوں اقبال ٹائون  (گلشن بلاک، نیلم بلاک) مرغزار کالونی، سمن آباد، گلشن راوی، رستم پارک، مزنگ، اچھرہ، جوہر ٹائون، ٹائون شپ، پاکستان منٹ، داروغہ والا سمیت دیگر علاقوں میں ایک گھنٹے میں صرف 20 منٹ بجلی آتی رہی۔ شہریوں نے لیسکو حکام کے اس رویئے پر شدید احتجاج کیا ہے کہ سحری و افطاری کے دوران بھی بجلی کی بندش برقرار ہے۔ شہریوں نے وزیراعظم پاکستان سے اس صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ گڑھی شاہو میں لوگوں نے بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے تپتی دھوپ میں گرم سڑک پر لیٹ کر احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی کمی کا مسئلہ بھی سنگین ہو گیا ہے۔ ادھرکوئٹہ میں ریلوے ملازمین کی جانب سے بجلی لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ریلوے اسٹیشن پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے باعث کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی ٹرین ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ادھر وزیر مملکت عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں اووربلنگ اور لو وولٹیج کی شکایات کے حل کے لئے قومی اسمبلی ممبران پر مشتمل ٹیم بنادی ہے، نظام اور ٹرانسمیشن لائنوں میں خرابی کے باعث سحری اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ، فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا وزیراعظم کی ہدایت پر قومی اسمبلی کے ارکان پر مشتمل ٹیم بنائی ہے جو لوڈشیڈنگ کے دورانئے کو بھی مانیٹر کرے گی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ میں گرمی کی شدت نے ستر سالہ نامعلوم شخص کی جان لے لی۔گوجرانوالہ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 18 گھنٹوں تک پہنچ گیا۔ شہریوں کا جگہ جگہ احتجاج۔ گکھڑمنڈی سے نامہ نگار کے مطابق گکھڑ اور گردونواح کے علاقوں میں بھی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق مشتعل شہری واپڈا کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ واپڈا کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ افطاری کے وقت گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے حاجی محمد ابراہیم زرگر جاں بحق ہو گئے۔ کامونکے+ سادھوکے سے نامہ نگاران کے مطابق آگ برساتے سورج میں بدترین لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کردیا۔کوٹ رادھاکشن سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ رادھاکشن میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے سے زائد تجاوز کرگیا، شہری بلبلا اُٹھے روزے دارودں کی واپڈا کو بددعائیں، ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری، قیامت خیز گرمی اور شدید حبس میں بجلی کی طویل بندش کے باعث روزہ داربلبلا اٹھے، اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔  بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق 16 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ سے روزہ دار تڑپ اٹھے،مسلم لیگی حلقوں کا بھی وفاقی حکومت کے خلاف دبے لفظوں میں احتجاج، لگتا ہے سائیکل اور تیر کے بعد شیر بھی بجلی کے نذر ہو جائے گا۔کھڈیاں خاص سے نامہ نگار کے مطابق کھڈیاں میں بجلی کی مسلسل دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ۔روزہ دار وضو اور دیگر ضروریات کے لیے پانی کو ترس گئے۔ نوشہرہ اور رسالپور میں بدترین لوڈشیڈنگ سے تنگ لوگ احتجاج کرتے ہوئے روڈ پر نکل آئے اور نوشہرہ مردان جی ٹی روڈ اور مردان نوشہرہ جی ٹی روڈ پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا۔ کئی علاقوں میں 12 سے 15 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے بعد جب بجلی آتی ہے تو دس  بارہ مرتبہ ٹرپ کرتی ہے جس سے عوام ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ اوتھل میں بجلی غائب، پانی کا سنگین بحران، کاربوار ٹھپ، عوام نے احتجاج کی دھمکی دیدی۔
لوڈشیڈنگ

ای پیپر-دی نیشن