• news

مشرف سے استعفی کے بدلے فوجداری مقدمہ نہ بنانے کا سمجھوتہ ہوا‘ نوازشریف حصہ تھے : کائرہ : پیپلز پارٹی نے سابق صدر سے کوئی ڈیل نہیں کی : فرحت بابر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے ساتھ اقتدار چھوڑنے سے متعلق سمجھوتہ ہوا تھا، نوازشریف بھی اس سمجھوتے کا حصہ تھے۔ نوازشریف سمجھوتے کا حصہ نہیں تھے تو انکی حکومت نے پرویز مشرف کیخلاف کیس کیوں نہ بنایا۔ پرویز مشرف کیخلاف مقدمہ عدالت کے ذریعے بنا پرویز مشرف کیساتھ سمجھوتہ ہوا تھا کہ اقتدار چھوڑ دیتے ہیں تو انکے خلاف فوجداری کیس نہیں بنے گا۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکمرانوں کا مزاج آمرانہ ہے، مسلم لیگ (ن) ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی تو ایسے حالات پیدا نہ ہوتے۔ احتجاج کرنے والی جماعتوں سے ڈائیلاگ کا راستہ اپنانا چاہئے۔ آئی این پی کے مطابق  پیپلز پارٹی کے ترجمان  سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے پرویز مشرف سے معاہدے سے متعلق بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے مواخذے کے ڈر سے استعفیٰ دیا تاہم پیپلز پارٹی نے کسی کیساتھ کوئی ڈیل نہیں کی۔ فرحت اللہ بابر نے کہا سابق صدر آصف زرداری نے پرویز مشرف کے مواخذے کی دستاویز تیار کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں مجھ سمیت رضا ربانی اور شیری رحمان جبکہ مسلم لیگ (ن)کی جانب سے اسحاق ڈار اور احسن اقبال شامل تھے جس کے بعد پرویزمشرف کو پیغام بھجوایا گیا۔ انہوں نے اپنے مواخذاے کے ڈر سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تاہم اس سلسلے میں پیپلز پارٹی نے کسی بھی معاملے پر ان سمیت کسی کیساتھ کوئی ڈیل نہیں کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن