میانوالی، حافظ آباد: دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے تین جوانوں کو پورے اعزاز کیساتھ سپردخاک کردیا گیا
میانوالی+ حافظ آباد (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک آرمی کے دو نوجوانوں کی نمازجنازہ ان کے آبائی گائوں میں ادا کر دی گئی۔ بتایا گیا ہے وزیرستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک آرمی کے جوانوں ضیاء اللہ اور شرید کا تعلق تحصیل عیسیٰ خیل، کمرمشانی کے علاقوں سے تھا۔ گزشتہ روز ان کی میتیں یہاں لائی گئی جہاں ان کے آبائی گائوں میں نمازجنازہ کے بعد فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔ نمازجنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثناء حافظ آباد میں بھی آپریشن ضرب عضب کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے کمانڈو لانس نائیک محمد طارق کو فوجی اعزازات کیساتھ آبائی گائوں وچھوکی میں سپردخاک کر دیا۔ شہید محمد طارق کی نمازجنازہ میں فوجی افسران، ڈی سی او، ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ حافظ آباد کے گائوں وچھوکی کے رہائشی محمد طارق نے آٹھ سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، شہید محمد طارق نے پاک فوج کے ایس ایس جی گروپ کی جانب سے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب میں حصہ لیا۔ چار روز قبل دہشت گردوں کی فائرنگ سے محمد طارق شدید زخمی ہو گئے اور وہ پاک فوج کے ہسپتال میں زیرعلاج تھے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔