یونٹ انچارج کی گرفتاری‘ الطاف حسین نے کورکمانڈر کو واقعہ سے آگاہ کیا
کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی کو ایک ایس او ایس پیغام بذریعہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اور ٹی سی ایس کے ذریعے بھیجا ہے جس میں انہوں نے تحریر کیا ہے ۔ میری گزشتہ روز آپ سے ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی جس کو ابھی آٹھ گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ رینجرز کے اعلیٰ حکام نے نیو کراچی یونٹ نمبر 140-Aمیں ایم کیو ایم کے یونٹ انچارج حیدر بیگ کے گھر پر سحری کے وقت چھاپہ مارا ۔ گھر کی تلاشی لی اور وہاں سے حیدر بیگ کو گرفتار کیا اور انکی موٹر سائیکل بھی اپنے ساتھ لے گئے ۔ خواجہ اظہار االحسن اور متعلقہ رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم کو اس واقعہ کی اطلاع دی گئی۔ حیدر بیگ کے گھرپہنچے ، چھاپے اورگرفتاری کی تفصیلات معلوم کیں ۔ آفس کے باہر موجودسپاہی نے انہیں بتایا کہ دفتر میںرینجرزکے ونگ انچارج کرنل شادمان موجود نہیں ۔ اس پر وہاں موجود ارکان اسمبلی نے کرنل شادمان کو متعددٹیکسٹ پیغامات بھیجے اور کئی ٹیلیفون کئے مگر جوابدیا اور نہ کوئی ٹیلفیون اٹھایا،محترم کور کمانڈر صاحب میں نے جو شکایات رینجرز کے روئیے کے متعلق کی تھیں اسکے آٹھ گھنٹے بعد کی تفصیلات آپ کو ارسال کر دی ہیں اس قوی امید کے ساتھ کے آپ اس واقعہ کا ہنگامی طورپر ضرور نوٹس لیں گے ۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان کی بلاجواز گرفتاری اور چھاپوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا ہے اور ایم کیوایم کے مزید8 کارکنان کی بلاجواز گرفتار ی اور چھاپوں کی مذمت کی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم کے گرفتار کارکنان کی زندگی کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔