پاکستان مسائل میں پھنسا ہے‘ حکومت گرا کر بنانا بہت مشکل ہوگا: سراج الحق
لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ کے بعد اب اسرائیل بھی اُمت مسلمہ کے حکمرانوں کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں پر بدمعاشوں کی طرح چڑھ دوڑا ہے۔ حکومت کو قبائلی علاقوں کے آپریشن کے اپنے اہداف کو جلد مکمل کرنا چاہیے۔ موجودہ مرحلے میں حکومتی ڈھانچہ گرا کر دوبارہ بنانا اور بھی مشکل ہو جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اسرائیل نہتے اور مظلوم فلسطینیوں پر موت بن کر ٹوٹ پڑا ہے۔ امریکہ، یورپ او راقوام متحدہ کی منافقت کا ایک نیا عالمی معیار قائم ہو گیاہے۔ آخر اسرائیل کو بار بار قتل عام پر دہشت گرد کیوں قرار نہیں دیا جا رہا۔ اسلامی ملکوں کو مل کر فلسطین کیلئے آواز اٹھانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان جن مسائل کی دلدل میں گرفتار ہے، اس میں موجودہ حکومتی ڈھانچہ گرا کر دوبارہ بنانا اور بھی مشکل ہو جائے گا۔ جماعت اسلامی انتخابی اصلاحات کی حمایت کرتی ہے لیکن اس کے لیے سب سے بڑی پابندی حلقوں سے لے کر قومی مہمات تک پیسے کی روک تھام کی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ دارکے بجائے عام آدمی انتخابی نظام میں شرکت کر سکے۔ جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ نے قوم کو ظلم و استحصال سے بچا کر خوشحال پاکستان کے لیے ایک نئے ایجنڈے کی منظوری دی جسے عید کے بعد جماعت اسلامی پورے ملک میں ایک بڑی مہم کی صورت میں چلائے گی۔
سراج الحق