• news

سونامی آئے نہ آئے انقلاب آئیگا، حکمرانوں کا انجام قریب ہے: طاہر القادری

لاہور (پ ر+ این این آئی) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ اگر حکمران الٹے لٹک بھی جائیں تو انہیں ہمارے بارے میں مالی بے ضابطگی کے کیس میں شکست فاش ہوگی۔ 1990ء میں بھی حکمرانوں نے ہم پر  30 کیسز بنا کر تحقیقات کرنے کا شوق پورا کیا تھا مگر انہیں منہ کی کھانا پڑی تھی۔ انقلاب کے بعد حکمرانوں کی لوٹ مار کی کمائی سے بنائے ہوئے رائیونڈ محل کا بھی حساب دینا ہوگا۔ حکمران جلد اپنے انجام بد کو پہنچنے والے ہیں۔ حکمرانوں نے مڈل ایسٹ سے امریکہ تک پوری دنیا میں منی لانڈرنگ کے ذریعے بزنس ایمپائر بنا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا میری انکم ٹیکس ریٹرن میں 30 سال سے ناغہ نہیں ہوا۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں میانوالی اور بھکر کے یوسی سطح کے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ میں اور میرے خاندان کیلئے تحریک کے پیسوں سے ایک کپ چائے بھی حرام ہے۔ پچھلے سال لانگ مارچ کیلئے میں نے اپنی فیملی کے زیور تک بیچ دیئے تھے۔ کارکن اپنا مال ہی نہیں جان بھی انقلاب کیلئے لٹانے پر تیار ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ کارکن گھر گھر جا کر انقلاب کا پیغام دیں، انقلاب اب مہینوں نہیں چند دنوں کی دوری پر ہے، عمران خان کو انتخابی میں اصلاحات کے مطالبے سے دو قدم آگے بڑھتے ہوئے 20 کروڑ عوام کا مقدر بدلنے کی بات کرنا ہوگی۔ طاہر القادری نے کہا حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ہمارے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ اوچھے ہتھکنڈے ہماری منزل کھوٹی نہیں کرسکتے، انقلاب کامیاب ہوگا، سونامی آئے یا نہ آئے انقلاب ضرور آئیگا۔
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن