آپریشن متاثرین پر قومیت پرست بلاوجہ مسئلہ کھڑا کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ
سکھر (نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ آپریشن متاثرین کے معاملے پر قوم پرست بلاوجہ مسئلہ کھڑا کر رہے ہیں شناختی کارڈ رکھنے والے آئی ڈی پیز کو سندھ میں داخل ہونے دیا جائے گا صوبائی سرحد پر چوکیاں قائم ہیں جو آئی ڈی پیز کی چیکنگ کر رہی ہیں متعدد مشتبہ آئی ڈی پیز کو حراست میں لیکر ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ سکھر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال پر قائم علی شاہ نے کہا یوسف رضا گیلانی کے بیان پر پارٹی کا مؤقف آگیا ہے میرا بھی وہی مؤقف ہے انہوں نے کہا وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران ایم کیو ایم نے ہماری تعریف کی تاہم اگر ایم کیو ایم کے کوئی تحفظات ہیں تو وہ ہم سے بات کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے مخدوم امین فہیم سے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے چھوٹے بھائی مخدوم نوید الزمان کی وفات پر تعزیت کی اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو، وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی وقار مہدی بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ