28 ہزار 800 خاندانوں میں 35 کروڑ تقسیم ہو چکے‘ وزیراعظم کو رپورٹ پیش
اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم نواز شریف کو بھجوائی رپورٹ میں کہا گیا ہے اب تک 28ہزار 800 سے زائد خاندانوں میں 35 کروڑ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ ہفتہ کو وزیراعظم کو شمالی وزیرستان کے متاثرین کی مدد کیلئے بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا گیا پاک فوج، این ڈی ایم اے، ایف ڈی ایم اے، وزارت سرحدی امور، نادرا اور واپڈا مسلسل رابطے میں ہیں اور یہ تمام ادارے مربوط انداز میں متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔ متاثرین کیلئے رجسٹریشن سینٹرز پر 20 رجسٹریشن ڈیسک کے علاوہ خواتین اور مردوں کے لئے الگ الگ 10 انتظار گاہیں بنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ تمام متاثرین کی اینٹی پولیو ویکسی نیشن بھی کی جا رہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا متاثرین کو 27 ہزار 767 موبائل سمز فراہم کی جا چکی ہیں جن میں سے 15 ہزار سمز فعال کی جا چکی ہیں۔ مزید امدادی رقوم موبائل سمز کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی۔