بھارت نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی پر حکمرانی کی منصوبہ بندی شروع کر دی
لاہور (چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے بعد بھارت نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ) پر بھی اپنی حکمرانی قائم کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اور اس سلسلہ میں ہاکی انڈیا کے حکام نے مختلف ممالک کی ہاکی فیڈریشنز کے ساتھ رابطے شروع کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کی صدارت کے لیے ہونے والے الیکشن میںبھارتی لابی کھل کر سامنے آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ہاکی انڈیا نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ ) کو دھمکی دی ہے کہ ہاکی کے زیادہ سے زیادہ میگا ایونٹس کی میزبانی اگر بھارت کو نہ سونپی گئی تو ایف آئی ایچ کو بھارت کی ملٹی نیشنل کمپنیز کی جانب سے ملنے والے سپانسر شپ سے ہاتھ کھینچ لیا جائیگا۔ ہاکی انڈیا کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایف آئی ایچ کو بھارتی ملٹی نیشنل کمپنیز کی وجہ سے بھاری معاوضہ ملتا ہے جس پر سب سے زیادہ حق بھی بھارت کا ہے لہذا فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی کے سالانہ ایونٹ کیلنڈر میں بھارت کو میگا ایونٹس کی میزبانی سونپی جائے۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں ایشین ہاکی فیڈریشن کے منعقد ہونے والے اجلاس میں ہاکی انڈیا کے سیکرٹری نریندر بترا نے اے ایچ ایف سے الحاق رکھنے والے ممالک کے حکام سے ملاقات کر کے انہیں اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ہاکی انڈیا کا ساتھ دیں تاکہ ایف آئی ایچ پر یورپی حکمرانی ختم کر کے ایشیا میں اسے واپس لایا جا سکے۔ دوسری جانب ہاکی انڈیا سے ایشین ہاکی فیڈریشن کے وفات پا جانے والے صدر سلطان اذلان شاہ کی جگہ نئے صدر کے لیے بھارتی لابی نے کھل کر سامنے آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کی صدارت ملائیشیا کے پاس ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں ایشیا اور ورلڈ کے ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی ملائیشیا کو سونپی جات رہی ہے جو کہ بھارت کے لیے ناقابل قبول عمل ہے۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کے حالیہ اجلاس میں ہاکی انڈیا کے حکام کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کو بھی لالچ دیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ہاکی انڈیا کو سپورٹ کرئے تو دونوں ممالک کے درمیان ہاکی تعلقات کی بحالی سمیت بعض انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کی میزبانی پاکستان کو دی جا سکتی ہے۔