مسئلہ کشمیر بھارت سے دوستی اور مذاکرات نہیں جہاد سے حل ہوگا: سید صلاح الدین
سیالکوٹ (نامہ نگار) حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات اور بھارت سے دوستی سے نہیں جہاد سے حل ہوگا اور اس کی آزادی اٹل ہے۔ سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام دہشت گردی نہیں کررہے بلکہ وہ بھارتی ظالمانہ قبضہ کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور ان کی جنگ کامیابی کی منزل پر جلد پہنچے گی اور کشمیر آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ملک ہیں جن کی دہشت گردی سے پوری دنیا آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو جو عبرتناک شکست افغانستان میں ہوئی ہے اس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ پاکستان اسلامی ملک ہے جہاں ہونے والی دہشت گردی میں براہ راست بھارت ملوث ہے۔ کشمیریوں نے بھارت سے آزادی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ علامہ محمد اقبالؒ اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے نظریہ پاکستان پیش کیا تاکہ پاکستان کو مدینہ کے بعد دوسری اسلامی فلاحی ریاست قائم ہو۔ لیکن آج حال یہ ہے کہ نظریہ پاکستان کہیں نظر نہیں آرہا۔ بلوچستان میں آزاد بلوچستان کی جنگ ہو رہی ہے جبکہ سرحد میں اپنے ہی بھائی مہاجر بن کر رہ رہے ہیں۔ ہماری حکومت یکطرفہ دوستی کی پینگیں بڑھا رہی ہے جبکہ ہمارا دشمن ہماری ہی پیٹھ پیچھے خنجر گھونپ رہا ہے۔ 65سال میں ساڑھے سات لاکھ کشمیری شہید ہو چکے ہیں لیکن وہ کشمیری الحاق پاکستان تک آزاد کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کشمیریوں نے بھارت سے آزادی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی ۔