• news

عمران، طاہر القادری جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں: احسن اقبال

نارووال (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے کہا ہے عمران خان اور طاہر القادری ان قوتوں کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں جو ملک میں جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کر کے چین سے آنے والی سرمایہ کاری کو بھی روکا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا میںعمران خان سے سوال کرتا ہوں کہ دنیا میں یوم آزادی قوموں کو جوڑنے اور متحد کر نے کا دن ہوتا ہے، عمران خان 14اگست کو قوم کو تقسیم کر کے لڑانے کا پروگرام بنا رہے ہیں سوچنے والی بات ہے کہ اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج جو ہمارے فوج کے جوان اور افسر شہید ہورہے ہیں اور اس آپریشن سے شدید گرمی میں 8 لاکھ افراد بے گھر ہو کر مہاجر ہوگئے ہیں ان کو یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ نام نہاد سونامی پر کروڑوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، یہ پیسے عمران خان خیبر پی کے میں اپنی حکومت کو دیں جو مہاجرین کی آبادکاری پر خرچ کر ے یہ قومی خدمت ہوگی۔ پا کستان اس وقت کسی انتشار یا محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ احسن اقبال نے کہا عمران خان اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں یہ وقت کسی محاذ آرائی کا نہیں ہے دنیا کا کوئی مسئلہ ایسا نہیں ہے جو بات چیت سے حل نہ ہوسکے، الیکشن کمیشن کی اصلاحات کے لئے کمیٹی بن گئی ہے جس میں پی ٹی آئی بھی شامل ہے اگر ان کے پاس کو اچھی تجویز ہے جس سے جمہوریت مزید مضبوط ہو سکتی ہے تو وہ بتا دیںاس پر عمل کیا جائے جلسوں سے ان کے ایجنڈے کی سمجھ نہیں آرہی۔
 اس وقت بجلی کے بحران کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کیلئے بارہ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے جو باہر سے آئے گی اور ہمیں مل کر اقتصادی بحران سے نمٹنا ہے اگرہم اپنے ملک میں عدم استحکام پیدا کر یں گے توکون ہمارے ملک میں سرمایہ کاری کر ے گا اس لئے عمران خان اور طاہرالقادری کا فرض ہے ملک کے مفاد میں ان کودعوت دوں گا کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر احسن اقبال چوہدری نے سستا رمضان بازار کا بھی دورہ کیا اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں اور معیار چیک کر تے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو مبارکبادی اور رمضان بازار کے بہتر انعقاد پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن