صدارتی انتخابات : 80 لاکھ ووٹوں کی دوبارہ گنتی تین ہفتے میں مکمل ہو گی : سربراہ افغان الیکشن کمشن
کابل (بی بی سی + این این آئی + اے ایف پی) افغانستان میں الیکشن کمشن کے سربراہ نے تین ہزار پولنگ سٹیشن پر ڈالے گئے اسی لاکھ ووٹوں کی پڑتال کا کام تین ہفتے میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ الیکشن کمشن کے سربراہ احمد یوسف نورستانی نے کہا کہ پڑتال کرنے والے عملے کی تربیت کے بعد ووٹوں کی پڑتال کا کام دونوں امیدواروں کے نمائندوں کی موجودگی میں شروع کیا جائے گا۔ گذشتہ روز کابل میں افغان صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی سے بات چیت کے بعد جان کیری نے کہا تھا کہ تمام 80 لاکھ ووٹوں کی جانچ پڑتال 24 گھنٹوں کے اندر اندر شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جائے گی جس میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔ دونوں امیدواروں نے اس بات پر بھی اتفاق کر لیا ہے کہ ان میں سے جو بھی صدر بن جائے وہ جلد ہی قومی اتحاد والی حکومت بنائیں گے۔ خیال رہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کابل میں کی جائے گی جہاں نیٹو کی نگرانی میں صوبوں سے تمام ووٹوں کو لایا جائے گا۔
ووٹ/ گنتی