• news

شہباز شریف کا آئی ڈی پیز کیمپ کا دورہ ، شمالی وزیرستان میں ہسپتال، ٹیکنیکل ادارہ اور خواتین کے لئے کالج بنانے کا اعلان

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی حکومت اور عوام آزمائش کی موجودہ گھڑی میں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ان کی امداد اور بحالی کے لیے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ وہ گذشتہ روز بنوں میں بے گھر ہونے والے افراد سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 50کروڑ روپے کی رقم سے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ قائم کیا ہے جس میں پنجاب کے عوام اور صاحب ثروت افراد کی طرف سے کھلے دل کے ساتھ عطیات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہم اس فنڈ کے تحت اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی امداد کے لیے اربوں روپے مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی طرف سے شمالی وزیرستان میں ایک ہسپتال، ایک ٹیکنیکل ادارہ اور خواتین کا کالج قائم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے بے گھر افراد کی مالی معاونت کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت ہر بے گھرخاندان کے سربراہ کو سات ہزار روپے کی رقم دی جارہی ہے۔ انہوں نے بے گھر افراد کے مویشیوں کے لیے پنجاب سے چارہ مہیا کرنے کا بھی اعلان کیا۔ صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور، رانا مشہود احمد، کرنل (ر)شجاع خانزادہ، چوہدری شفیق احمد اور چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہاکہ آپ نے پاکستان کی خاطر اور پاکستان کی سالمیت کی خاطر ہجرت کی ہے، اپنا گھر بار چھوڑا ہے۔ پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے میں پنجاب کے عوام کی طرف سے محبت اور خیرسگالی کا پیغام لے کر آپ کے پاس آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی صورت حال پر ہمارے شہدائے آزادی کی روح بے چین ہوں گی اور یہ سوال کررہی ہوں گی کہ یہ وہ پاکستان تھا جس کا خواب قائداعظمؒ اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا اور اس پاکستان کے لیے ہم مسلمانوں نے اتنی قربانیاں دی تھیں۔ تاہم جیسا کہ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ہمارا مقدر نہیں، ہم اس پر انشاء اللہ اسی طرح قابو پالیں گے جس طرح دورحاضر کی تاریخ میں سری لنکا سمیت دنیا کے کئی ممالک نے اس فتنے کا قلع قمع کیا ہے۔ اس وقت پاکستان کی افواج پوری جرأت اور دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے میں مصروف ہیں۔ ہمارا جنہوں نے سکھ چین چھین لیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی عوام کی پاکستان کے قیام اور استحکام کے لئے قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں اور خود بانی قوم حضرت قائداعظمؒ بھی تعریف کرچکے ہیں۔ مسلح افواج کی قربانیوں پر پوری قوم اپنے بہادر جوانوں اور افسروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پاک فوج صرف دہشت گردوں کا مقابلہ ہی نہیں کررہی بلکہ متاثرین کی بحالی کے لیے شاندار کردار ادا کررہی ہے۔ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔ اگر پاکستان کے کسی ایک حصے میں کوئی پاکستانی دہشت گردی کا شکار ہوتا ہے تو پوری قوم اس پر اشک بار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں دہشت گردی کے خلاف اس جنگ کو 1965کی جنگ سے زیادہ اہمیت دیتا ہوں کیونکہ آج ہماری افواج پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے اور اُن دہشت گردوں کے خلاف برسرِ پیکار ہے جو لوگوں پر اپنے مخصوص نظریات مسلط کرنے کے لیے کلاشنکوفیں اور بندوقیں لیکر چڑھ دوڑے تھے۔ پاکستان کے دشمنوں نے اہل پاکستان کی زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے دہشت گردوں کے خلاف جو کارروائی شروع کی ہے ہم اس کامیابی کے لیے دُعا گو ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنے گا۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے جس طرح بندوق کی گولی ضروری ہے اسی طرح غریب اور پسماندہ عوام کو گمراہ ہونے سے محفوظ رکھنے کے لیے انہیںتعلیم ، صحت اور زندگی کی دیگر سہولتیں فراہم کرنا ناگزیر ہیں۔ سوات میں کامیاب آپریشن کے بعد وہاں پر معاشی اور سماجی اقدامات کے ذریعے کئی مثبت اقدامات کیے گئے جو نہایت خوش آئند ہیں۔ سوات میں 86کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید ہسپتال بھی تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا ہم ایک خدا، ایک رسولؐ اور ایک کتاب کے ماننے والے ہیں اور انشاء اللہ اس کی برکت سے اس مشکل مرحلے کو بھی عبور کرلیں گے۔ وزیراعلیٰ نے آئی ڈی پیز کے مطالبے پر بنوں میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے حوالے سے وزیراعظم سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ پیشتر ازیں گورنر خیبرپختونخواہ مہتاب عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب وہ پہلا صوبہ ہے جس کے وزیراعلیٰ نے خیبر پی کے کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کے لیے ریلیف فنڈ قائم کیا۔ قبائلیوں کے نمائندے ملک نصر اللہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ قبائلی عوام نوازشریف اور شہباز شریف کو اپنے بڑے بھائی سمجھتے ہیں اور ہمیں ان سے بہت توقعات ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیر صدارت گذشتہ روز یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں لگنے والے کول پاور پلانٹس میں استعمال ہونے والے کوئلے کی نقل وحمل کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل اولین ترجیح ہے۔ ساہیوال میں 1320میگا واٹ کول پلانٹس کیلئے چین کمپنیوں کے کنسوریشم سے معاہدہ ہوچکا ہے۔ ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کے منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ رحیم یار خان ، مظفر گڑھ اورجھنگ میں بھی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کا پوٹینشل موجود ہے۔ کول پاور پلانٹس کے لئے کراچی پورٹ سے کوئلے کی بذریعہ ریلوے ترسیل کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں کا مقصد عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی ہے۔ حکومت کے موثر اقدامات اوررمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز یہاں ویڈیولنک کے ذریعے رمضان پیکیج کے حوالے سے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شہبازشریف نے ہدایت کی کہ سبزیوں اورپھلوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ،پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو مناسب سطح پر لایا جائے ۔عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ سستے داموں ملنی چاہئیں۔ سبزیوں اور پھلوں کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ٹماٹر اور آلو کے نرخوں کو مناسب سطح پر لایا جائے۔ عوام کو معیاری اشیاء کی مقررہ نرخوںپر فراہمی میں کو ئی سمجھوتہ برداشت نہیں کروں گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گذشتہ روز امریکہ کی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان ایمبیسڈر بیتھ جونز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور توانائی کے منصوبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن