موڈیز نے پاکستانی معیشت کی ریٹنگ منفی سے مثبت کر دی
سنگاپور (آئی این پی) بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی معیشت کی ریٹنگ منفی سے مستحکم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت میں بہتری آئی ہے اور زرمبادلہ ذخائر نمایاں طور پر بہتر ہوئے ہیں۔ موڈیز کے مطابق ریٹنگ کو منفی سے مثبت کر دیا گیا ہے اور یہ سی اے اے ون پر برقرار ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی قابو میں ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یورو بانڈز کے اجراء کی وجہ سے معیشت کو دو ارب ڈالر کا سہارا ملا ہے۔ موڈیز کے مطابق حکومت کی جانب سے معیشت کی اصلاح کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات قابل ستائش ہیں جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی اگلی قسط ملنے کے امکانات بھی روشن ہیں۔ موڈیز کے مطابق پاکستانی حکومت آئی ایم ایف کے 6.8 ارب ڈالر کے 36ماہ کے توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام میں بتدریج پیش رفت کر رہی ہے۔ حکومت نے 17میں سے 10ڈھانچہ جاتی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان مقاصد میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری کے چلنے والے ادارے اور ٹیکس اصلاحات شامل ہیں۔ توقع ہے کہ حکومت تمام زرمبادلہ کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے موڈیز کی پاکستانی ریٹنگ بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موڈیز کا ریٹنگ بڑھانا حکومتی مالیاتی نظم و ضبط کا نتیجہ ہے۔ یوروبانڈ، تھری اور فوری جی لائسنس کی نیلامی سے ملک پر عالمی اعتماد بڑھا ہے۔