سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے تربیتی کیمپ 18 جولائی سے شروع ہو گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے تربیتی کیمپ کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لئے ہیڈ کوچ، منیجر اور کپتان سے مشاورت مکمل کر لی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے اعلان کردہ کھلاڑیوں کو 17 جولائی کو ٹیم منیجر معین خان اور ہیڈ کوچ وقار یونس کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ 18 جولائی کو کھلاڑی سہ پہر 4 بجے سے شام ساڑھے چھ بجے تک قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لینگے جبکہ دوسرا سیشن نماز عشا و تروایح کے بعد رات 11 بجے سے 2 بجے تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جم اور پول کا ہوا کرے گا۔ کیمپ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین میچ سناریو پریکٹس بھی رکھی ہے جو 23، 24 اور25 جولائی کو ایل سی سی اے گراونڈ میں ہونگے۔ حکومت پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر انتظام 26 جولائی کو قومی اور پاکستان اے ٹیموں کے درمیان آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے فنڈ ریزنگ میچ کھیلا جائیگا جبکہ 27 جولائی کو کیمپ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا تمام کھلاڑی سری لنکا روانگی سے قبل یکم اگست کو دوبارہ رپورٹ کرینگے۔ پاکستان ٹیم سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے 2 اگست کو کولمبو روانہ ہوگی۔