زرداری بلاول کو وزیراعظم بنوانے کیلئے پارٹی دائو پر نہ لگائیں: سینئر رہنماؤں کی تنقید
کراچی (رپورٹ: شہزاد چغتائی) وفاقی کابینہ میں شمولیت پر پیپلز پارٹی کے اندر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں اور پیپلز پارٹی کے چوٹی کے رہنمائوں نے وفاقی حکومت کا حصہ بننے کی مخالفت کر دی ہے ان رہنمائوں کا خیال ہے کہ وفاقی کابینہ میں شمولیت کی صورت میں پیپلز پارٹی کو فائدے کے بجائے نقصان ہو گا اور پنجاب میں پیپلز پارٹی مزید کمزور ہو جائے گی۔ ان رہنمائوں نے زرداری کو تجویز دی ہے کہ وہ فرینڈلی اپوزیشن کے حصار سے نکل کر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کریں ورنہ پیپلز پارٹی انتخابی ساکھ کھو بیٹھے گی۔ ان رہنمائوں نے آصف علی زرداری کی فرینڈلی اپوزیشن کی پالیسی پر شدید نکتہ چینی کی ہے اور کہا ہے کہ آصف علی زرداری اپنے صاحبزادے بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنوانے کے لالچ میں پارٹی کو دائو پر نہ لگائیں اور خورشید شاہ‘ رحمن ملک، نوید قمر اور فاروق نائیک کی باز پرس کریں جو کہ شیروانیاں سلوائے بیٹھے ہیں ان رہنمائوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں دو وزرائے اعظم کا احتساب ہو رہا ہے اور وہ عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں اور خورشید شاہ سینئر وزیر بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
اختلافات