• news

مالی سال 2013ء میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھ گئی: سٹیٹ بینک

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) سٹیٹ بینک نے کہا ہے مالی سال 2013-14ء کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 63 کروڑ ڈالر رہا جبکہ سٹاک ایکسچینج میں 2 ارب 75 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی‘ مالی سال 2013-14ء میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گذشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2013-14ء کے دوران کل 4 ارب 37 کروڑ 73 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی مد میں ایک ارب 63 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جبکہ غیر ملکی سرکاری اداروں نے 2 ارب 11 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ مالی سال 2012-13ء میں سٹاک ایکسچینج میں صرف 12 کروڑ 41 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ سب سے زیادہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری تیل کے شعبے میں 66 کروڑ 66 لاکھ ڈالر جبکہ آئل ریفائنری کے شعبے میں 10 کروڑ 68 لاکھ ڈالر آئے۔ خوراک کے شعبے میں 53 کروڑ 27 لاکھ ڈالر‘ پن بجلی کے شعبے میں 4 کروڑ  57 لاکھ ڈالر  جبکہ کنسٹرکشن میں 4 کروڑ 77 لاکھ ڈالر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی اس کے برعکس کورئیر و پوسٹل کے شعبے سے 12 لاکھ ڈالر‘ ٹیلی کام سے 40 کروڑ 41 لاکھ ڈالر‘ تھرمل پاور سے ایک کروڑ 95 لاکھ ڈالر جبکہ کیمیکل کے شعبے سے 4 کروڑ 71 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری واپس گئی جبکہ نجکاری اور موٹرسائیکلوں کی صنعت کے شعبوں میں کوئی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں ہوئی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ مالی سال 2014ء میں چار ارب 37کروڑ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی اور غیرملکی سرمایہ کاری میں 175فیصد کا اضافہ ہوا، ملک میں 5سال بعد چار ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی، گزشتہ 5سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن