ماموند قبائل اور سکیورٹی حکام کا جرگہ، باجوڑ میں ٹارگٹڈ آپریشن ملتوی، نقل مکانی رک گئی
باجوڑ ایجنسی (بی بی سی) قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں ماموند قبائل اور سیکورٹی حکام کے درمیان ہونے والے گرینڈ جرگے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف ہونے والے سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشن ملتوی کردیا۔ پولٹیکل انتظامیہ کے ایک اہلکار گل رحمان نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کو ماموند قبائل کے ایک گرینڈ جرگے نے پولیٹکل ایجنٹ جبار شاہ اور بریگیڈئر حیدر کے ساتھ ملاقات کی جو کامیاب ہوئی۔ جرگے میں شریک عمائدین نے سکیورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ کو باور کرایا کہ قبائلی جرگہ فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریگا اور فورسز کے ساتھ مل کر شدت پسندوں کیخلاف لشکر کشی کریگا۔ جرگے میں شریک ایک مقامی شخص نے بتایا کہ جرگے میں علاقے کے علماء سمیت عمائدین کی بڑی تعداد شامل تھی جس نے پولیٹیکل انتظامیہ اور فوجی حکام کو یقین دلایا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں کسی دہشتگرد کو پناہ نہیں دیں گے۔ قبائلی جرگے کے کامیاب مذاکرات کے بعد پولٹیکل انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے اعلی حکام نے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو واپس اپنے گھروں کو آنے کی اجازت دیدی ہے۔ تحصیل ماموند کے تین بڑے دیہات نختر، غاخے اور کٹکو کے رہائشیوں کو سکیورٹی فورسز کی طرف سے منگل کی شام چار بجے تک علاقے خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا جس کے بعد ان دیہات سے تقریباً 70 فیصد لوگ نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے تھے تاہم کامیاب مذاکرات کے بعد فوج کے اعلی حکام نے نقل مکانی کرنیوالے خاندانوں کو علاقے میں واپس آنے کی اجازت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اب تک چھ سو سے زائد خاندان علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔