• news

ہمیں اسٹیبلشمنٹ نے چلنے نہیں دیا، نواز شریف پارلیمنٹ کو مضبوط کریں: گیلانی

اسلام  آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم  یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ  نواز شریف اپنے ادارے مضبوط  کریں، اسٹیبلشمنٹ  کو کمزور نہیں  کر سکتے، جب ہم اقتدار میں تھے تو ایک طرف کیانی اور پاشا تھے  دوسری طرف  نواز شریف کالا  کوٹ پہن کر سپریم کورٹ چلے گئے، تین روز میں  حقانی سے استعفیٰ لیکر  میمو گیٹ کا مسئلہ حل کیا، آصف علی زرداری کے  چار حلقوں کے کھولنے بارے بیان  پر پارٹی ان کے ساتھ ہے، جو لوگ ہمارے  دور میں مسائل پیدا کر رہے تھے  آج وہ خود مسائل کا شکار ہیں، بیٹے کے اغوا کے حوالے سے  ڈائریکٹ یا  ان ڈائریکٹ  اغوا کاروں سے کوئی رابطہ نہیں۔ ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے  سابق رکن اسمبلی  ندیم افضل  گوندل کی جانب سے دیئے گئے افطار  پارٹی کے بعد  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ میاں نواز شریف اپنے ادارے کو مضبوط کریں اسٹیبلشمنٹ کو کمزور نہیں کر سکتے۔ ملک کسی قسم کے تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو چاہیے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کریں جب ہم اقتدار میں تھے تو ہمیں اسٹیبلشمنٹ  نے چلنے نہیں دیا۔ ہمارے دور میں افتخار چوہدری اور پرویز مشرف بھی تھے۔ افتخار چوہدری منتخب وزیراعظم کو اقتدار سے نہیں نکال سکتے تھے مگر انہوں نے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت جاتے وقت نواز شریف نے کبھی نہیں سوچا کہ وہ نظام کو کمزور کررہے ہیں اس وقت نوازشریف کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ کو مضبوط کریں۔ پارلیمنٹ بہت کمزور اور باقی ادارے بہت طاقتور ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کیے بغیر نہ تو کشمیری مطمئن ہو سکتے ہیں اور نہ ہی خطہ میں امن قائم ہو سکتا ہے، اقوام متحدہ کشمیر پر منظور کی گئی اپنی ہی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی ہے، نئی بھارتی قیادت حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے اور کشمیر کے مسئلے پر ہٹ دھرمی نہ کرے۔ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان واحد کشمیری لیڈر ہیں جنہیں سیاسی تناظر سے ہٹ کر تحریک آزادی اور قومی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مجاہد منزل میں جا کر سردار محمد عبدالقیوم خان کی مزاج پرسی کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا  سیاسی قوتوں کے درمیان جس قدر تال میل ہو گا اسی سے جمہوریت مستحکم ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن