• news

ورلڈ چیمپئن جرمن فٹبال ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

برلن(سپورٹس ڈیسک) فٹبال ورلڈ کپ کی چیمپئن جرمنی کی ٹیم برازیل سے وطن واپس پہنچ گئی۔دارلحکومت برلن  کے ایئر پورٹ پر کھلاڑیوں کا ہزاروں افراد نے استقبال کیا جبکہ وکٹری پریڈ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔جہاز نے برلن کے ائرپورٹ پرلینڈ کیا توواٹرٹینکرپانی کا چھڑکاو کرکے ٹیم کوخوش آمدید کہا گیا۔جرمنی کے کپتان فلپ لہم ٹرافی کیساتھ سب سے پہلے جہازسے باہرآئے۔ ٹیم کے استقبال کیلئے ائرپورٹ پرہزاروںافراد کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔کھلاڑیوں کووکٹری پریڈ کیلئے خصوصی بس میں ائرپورٹ سے لے جایا گیا۔ کھلاڑیوں کے استقبال کیلئے لاکھوں افراد برلن کی سڑکوں پرموجود تھے۔ ٹیم دارلحکومت برلن پہنچی تووکٹری پریڈ کا آغازہواجس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔کھلاڑیوں نے جشن کے دوران مداحوں کو آٹو گراف بھی دیئے۔دریں اثنا ء برازیل سے روانگی کے وقت ورلڈچیمپئن جرمن فٹ بال ٹیم کوپولیس کی سکیورٹی میں ہوٹل سے ائیرپورٹ پہنچایا گیا، جرمنی کی حکومت نے ٹیم کیلئے چارٹرڈ جہازبرازیل بھیجا تھا جس پروکٹری فلائیرتحریرتھا۔ تقریب کے دوران کھلاڑی سٹیج پر ڈانس بھی کرتے رہے۔ شائقین بھی اس دوران جھومتے رہے اور کھلاڑیوں کے ساتھ جشن مناتے رہے۔ کوچ جوشیم لیو نے شائقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑی بھی پریشان تھے مگر آخر میں خوش کر دیا۔ شاندار استقبال پر شکرگزار ہیں۔ شائقین ہماری طرح ہر لمحہ کبھی پریشان تو کبھی خوش رہے۔ اگر آپ نہ ہوتے تو آج ہم بھی یہاں نہ ہوتے۔ فائنل میں گول کرنے والے سٹرائیکر ماریو گوئٹز نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کا خواب پورا ہو گیا ہے۔ یہ لمحات زندگی بھر یاد رہیں گے۔ ہم سب کی خوشی یکساں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن