پیپلز پارٹی‘ اے این پی‘ (ق) لیگ نے حکومتی اقتصادی فیصلوں کو سینٹ میں زیر بحث لانے کیلئے تحریک التواء جمع کرادی
اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ میں اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی‘ عوامی نیشنل پارٹی اور (ق) لیگ نے ملکی اقتصادی پالیسیوں میں آئی ایم ایف کے کردار اور حکومت کے بعض معاشی اور اقتصادی فیصلوں کو ایوان میں زیر بحث لانے کیلئے منگل کو تحریک التواء سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادی۔ پیپلز پارٹی کے سینٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر میاں رضا ربانی‘ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر حاجی عدیل اور سینیٹرا فراسیاب خٹک ‘ (ق) لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا‘ پیپلز پارٹی کے ارکان سینیٹر سعید غنی‘ سینیٹر مولا بخش چانڈیو‘ سینیٹر صغریٰ امام کی طرف سے جمع کرائی گئی تحریک التواء میں آئی ایم ایف کے ملکی اقتصادی پالیسیوں میں کردار اور حکومتی فیصلوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اسے فوری ایوان میں زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔