آئیسکو اور گیپکو کے سر براہوں کی توسیع غیر آئینی، عہدوں سے ہٹایا جائے: سینٹ قائمہ کمیٹی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)سینیٹر زاہد خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پانی و بجلی کا اجلاس ہوا۔ وزیر مملکت اور سیکرٹری پانی و بجلی کی عدم حاضری پر کمیٹی نے اظہار برہمی کیا۔ حکام وزارت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ وزیر مملکت پانی و بجلی اور سیکرٹری وزیر اعظم کے اجلاس میں ہیں جس پر سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ یہ اجلاس وزیر اعظم کے اجلاس سے زیادہ اہم ہے یہ سنیٹ کی کمیٹی ہے ، وفاقی وزیر کی نہیں سینیٹرز زاہد خان نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے خیبر پی کے سمیت پورے ملک کا برا حال ہے بجلی کے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر نہ کی جائے۔ آئیسکو اور گیپکو کے سی ای اوز کو ہٹایا جائے زاہد خان کا کہنا تھا کہ آئیسکو اور گیپکو کے سی ای اوز کی توسیع غیر آئینی ہے ، ایم ڈی پیپکو عمران احمد کا کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے بورڈز نے انہیں توسیع دی جس پر سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ بورڈ کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ،بورڈ ہماری کمیٹی سے بالا تر نہیں ہے۔