عمران نے جمہوریت کیخلاف کوئی قدم اٹھایا تو قوم ساتھ نہیں دیگی: غلام احمد بلور
پشاور (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ عمران خان نے اگرجمہوریت کے خلاف کوئی قدم اٹھایا تو قوم ان کے ساتھ نہیں ہو گی، بنی گالہ میں بیٹھ کر خیبر پی کے میں تبدیلی نہیں لائی جاسکتی‘ بری سے بری جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہے، پختونوں کے مسائل پختون حل کر سکتے ہیں کوئی ملا نہیں، پختونوں کا بہت خون بہہ چکا اب مزید کو جہاد پر مت بھیجا جائے اب تھوڑا موقع ہمارے پنجابی اور سندھی بھائیوں کو بھی ملنا چاہیے، متاثرین آپریشن جن مسائل سے دوچار ہیں ان کو سامنے رکھ کر امدادی کارروائیاں کی جائیں۔ وہ منگل کو پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے خواہاں ہیں، اگر عمران خان نے جمہوریت کے خلاف کوئی قدم اٹھایا تو قوم ان کے ساتھ نہیں ہو گی کیونکہ قوم کو پتہ ہے کہ بری سے بری جمہوریت آمریت سے بہتر ہے۔ عمران خان خیبر پی کے میں کیا تبدیلی لا سکتے ہیں وہ تو بنی گالہ میں بیٹھے ہیں۔ پختونوں کا جرگہ پختون کرتے ہیں ملا جرگہ نہیں کر سکتے ،بلکہ وہ جرگے میں جاکے پہلے تلاوت کرتے ہیں اور بعد میں دعا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ میں اپنے تمام پختون علماء سے درخواست کرتا ہوں کہ اب بہت ہو گیا پختونوں کو جہاد پر نہ بھیجا جائے، مزید پختونوں کو جہاد میں مت ڈالیں، پختونوں کو اکثر تو جہاد میں ڈال کے لڑاکر دیکھ لیا، کشمیر میں ہندوستان کے ساتھ لڑایا، افغانستان میں روس کے ساتھ، افغانستان میں امریکہ کے ساتھ لڑایا، اب پاکستان میں پاکستانی افواج کے ساتھ لڑایا، بس اب اس جہاد کو ختم کریں اب ہمارے دوسرے بھائیوں کو موقع دیں تا کہ وہ بھی جہاد میں حصہ لیں، ہمارے پنجاب کے لوگ جہاد میں جائیں، سندھ کے لوگوں کو بھی جہاد میں جانا چاہیے، ہندوستان سے آئی ہوئی جماعتوں کو بھی جہاد میں جانا چاہیے، ان لوگوں کو بھی موقع دیں کہ ساری عمر پختون ہی جہاد کریں گے۔