جمعۃ الوداع، عید کیلئے سکیورٹی پلان تیار، پنجاب میں عید کے روز موبائل فون سروس بند کرنے کی تجویز زیرغور
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ داخلہ پنجاب نے جمعۃ الوداع اور عید کیلئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا۔ پنجاب میں عیدالفطر کے روز موبائل فون سروس بند کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ عید سے قبل ہاسٹلز، گیسٹ ہائوسز میں رہنے والوں کا ریکارڈ چیک کیا جائیگا۔ اہم شخصیات کو کسی بھی جگہ جانے سے قبل کلیئرنس لینا ہو گی۔ ایس ایچ اوز کو مساجد کے دورے کے بعد متعلقہ ڈی پی اوز کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ضلع کے اندرونی و بیرونی راستوں پر ناکے لگائے جائیں، مشکوک افراد سے شناخت کی تصدیق کی جائے، شناخت نہ کرانیوالے افراد کو فوری طور پر حراست میں لے لیا جائے، بڑے اجتماع پر خود ڈی پی اوز سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات کریں گے۔