سیالکوٹ: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 جوانوں سمیت 3 زخمی‘ رینجرز نے گنیں خاموش کرا دیں
سیالکوٹ + ڈسکہ + لاہور (نامہ نگاران + ایجنسیاں + خصوصی نامہ نگار) عسکری ذرائع کے مطابق سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن کے چاروا سیکٹر پر بھارتی سیکورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوانوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ پاکستان چناب رینجرز نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور فلیگ میٹنگ کا مطالبہ کیا ہے۔ سرحدی علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے پاکستانی سرحدی چوکیوں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی جبکہ پاکستانی سرحدی دیہاتوں میں بھی فائرنگ وگولہ باری کی گئی جس کی وجہ سے پاکستانی سرحدی دیہاتوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پاکستان چناب رینجرز نے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا سلسلہ رک گیا۔ دوسری جانب بھارتی میڈیاکی رپورٹ میں بی ایس ایف کے ایک عہدے دارکے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی رینجرز نے بدھ کو مقامی وقت کے مطابق سواگیارہ بجے جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر آرنیا کے علاقے میں بی ایس ایف کیپیٹل بارڈر پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ عہدیدارکے مطابق فائرنگ کا تبادلہ ساڑھے گیارہ بجے تک جاری رہا۔ زخمی اہلکاروں کو جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دریں اثناء بھارتی فوج نے چینی فوج پر بھی لداخ سیکٹر میں دراندازی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چینی فوجی گزشتہ تین روز کے دوران دمچوک اور چومار کے علاقوں میں داخل ہوئے لیکن بھارتی سکیورٹی فورسز نے انہیں واپس پیچھے جانے پر مجبور کردیا۔ بھارتی فوج کے مطابق دراندازی کرنے والے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے اہلکار گھوڑوں پر سوار تھے ۔ واضح رہے بھارتی فوج اور حکومت کی طرف پاکستان اور چین پر دراندازی کے آئے روز الزامات عائدکئے جاتے رہتے ہیں تاہم اس حوالے سے بھارت کی جانب سے کبھی بھی کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیاجاسکا۔ دریں اثناء جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنمائوں نے بھارتی فورسز کی جانب سے چارواہ سیکٹر سیالکوٹ میں بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت پاکستان کی طرف سے دوستی کا جواب کنٹرول لائن پر فائرنگ کر کے دے رہی ہے، حکومت پاکستان کو بھارتی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔ بھارت امریکہ کی شہ پر کنٹرول لائن پر بار بار جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ وہ ایک طرف پاکستان سے دوستی کے ڈھونگ رچا رہا ہے اور دوسری طرف پاکستانی سرحدی حدودکی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی چوکیوں پر فائرنگ، نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔ حکمرانوں کی کمزور پالیسیوںکی وجہ سے بھارت کو شہ ملی اور وہ اس طرح کی مذموم حرکتیں کر رہا ہے۔