یوکرائین : ملائیشیا کا طیارہ میزائل حملے میں تباہ‘ 295 مسافر ہلاک‘ حکومت اور روس نواز علیحدگی پسندوں کے ایک دوسرے پر مار گرانے کے الزامات
کیف، ماسکو (نوائے وقت رپورٹ+رائٹرز) یوکرائن میں روسی سرحد کے قریب ملائیشین مسافر طیارہ بوئنگ 777 ’’میزائل حملے‘‘ میں تباہ ہو گیا۔ عملے کے 15 ارکان سمیت 295 افراد ہلاک ہو گئے۔ روسی خبر ایجنسی ، یوکرائنی حکام کے مطابق مسافر طیارہ روسی سرحد کے قریب یوکرائن میں گرا۔ طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے ’’بک‘‘ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ مشیر وزارت داخلہ یوکرائن کے مطابق طیارے میں سوار تمام 295 افراد ہلاک ہو گئے۔ طیارے کو روس نواز علیحدگی پسندوں نے نشانہ بنایا۔ یہ ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جا رہا تھا۔ روسی ایوی ایشن حکام کے مطابق ملائیشیا کا مسافر طیارہ مقررہ روٹ سے روس میں داخل نہیں ہوا۔ روسی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے کو مشرقی یوکرائن میں 10 کلومیٹر بلندی پر نشانہ بنایا گیا۔ اقوام متحدہ میں روسی مندوب نے ملائیشین طیارے کو مار گرانے کا الزام مسترد کر دیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق ملائیشین ائرلائن نے طیارے ’’ایم ایچ 17‘‘ سے یوکرائن کی فضائی حدود میں آخری رابطہ ہونے کی تصدیق کر دی۔ ہلاکتوں کی تصدیق کر دی۔ رائٹرز کے مطابق جس علاقے میں طیارہ گرتے دکھایا گیا وہاں یوکرائن کی فوج روس نواز علیحدگی پسندوں سے نبردآزما ہے۔ یوکرائنی وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ یوکرائنی علیحدگی پسندوں کے رہنما الکسندر بروڈی نے طیارہ کو گرانے کی تردید کی ہے اور کہا ہے یہ یوکرائنی فورسز نے گرایا ہے۔ ایوان صدر نے کہا ہماری سکیورٹی فورسز ملوث نہیں۔ ترجمان بوئنگ کا کہنا ہے کہ ملائیشین طیارہ حادثے سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔ یوکرائن کے صدر کا دعویٰ ہے کہ ملائیشیا کے مسافر طیارے کو مار گرائے جانے کا خدشہ ہے۔ ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق نے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ طیارے کے حادثے پر رنجیدہ ہوں۔ حملے کی خبر سے دھچکا لگا۔ طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ اے پی اے کے مطابق طیارے میں 153 چینی، 3 امریکی، 5 بھارتی، 7 انڈونیشیائی اور 4 فرانسیسی مسافر سوار تھے۔ ملائیشین ائرلائن کے مطابق حادثے سے قبل طیارے کا راڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ فرانس، ہالینڈ اور برطانیہ کی ائرلائنز نے یوکرائن کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ روسی ائرلائن کمپنی نے اپنے طیاروں کے عملے کو کہا ہے کہ یوکرائنی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ملائیشین طیارہ حادثے پر یوکرائن اور روس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق روس کے صدر پیوٹن نے ملائیشین وزیراعظم کو ٹیلیفون کرکے طیارہ حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اوباما کو بھی حادثے کے حوالے سے بتایا۔ اوباما نے ملائیشین طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ امریکی صدر نے ملائیشیا کو طیارہ حادثے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ پی آئی اے یورپ کی پروازوں کیلئے محفوظ فضائی راستے کا استعمال کرتی ہے۔ پی آئی اے نے پہلے ہی یوکرائن اور کریمیا کے فضائی روٹس کا استعمال بند کر دیا ہے۔
ملائیشین طیارہ