• news

ہنگو : سڑک کنارے دو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے‘ سات بچے جاں بحق‘ تین زخمی

ہنگو+ باجوڑ (نامہ نگار + ایجنسیاں) ہنگو کے علاقہ دورڑی بانڈہ میں سڑک کے کنارے نصب دو ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکوں میں 7بچے جاں بحق اور3زخمی ہوگئے، لواحقین نے نعشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا، نشانہ فوجی قافلہ تھا ایک بم پھٹنے کے بعد 9بچے دھماکے کی جگہ پر پہنچے کہ دوسرا دھماکہ ہو گیا دھماکے سے 6بچوں کے اعضاء دور دور تک بکھر گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز صبح دس بجے ھنگو کے نواحی علاقہ دورڑی بانڈہ میں اورکزئی ایجنسی زرگری کو جانی والی مین سڑک کے کنارے نامعلوم دہشت گردوں نے 2ریموٹ کنٹرول بم نصب کئے تھے، ایک بم پھٹنے کے بعد گاؤں کے بچے دھماکے کی جگہ پر پہنچے اسی دوران نصب دوسرے ریموٹ کنٹرول کا دھماکہ کیا گیا جس سے وہاں پر موجود 6بچوں کے اعضاء اُڑ گئے اور 3بچے زخمی ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر ھنگو ہسپتال لایا گیا۔ جہاں پر ایک بچے کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، زخمی بچوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا، پاک فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دونوں دھماکے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے تھے جس میں دس، دس کلو بارود استعمال کیا گیا۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور دیگر رہنمائوں نے بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق شہباز شریف نے ہنگو میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند میں 2100 افراد پر مشتمل ماموند گرینڈ قومی لشکر تشکیل دیدیا جس کو سکیورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ لشکر نے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے 6 گھر جلا دیئے۔
ہنگو بم دھماکے

ای پیپر-دی نیشن