سکیورٹی ہائی الرٹ، وزیراعظم، وزیراعلیٰ کو رائیونڈ سڑک استعمال نہ کرنے کی تجویز
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار ) شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے اہم شخصیات کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات کے بعد اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایک اہم انٹیلی جنس ادارے نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلی شہباز شریف اور ان کی فیملی کو سکیورٹی کے پیش نظر اپنی نقل و حرکت محدود کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو لاہور سے رائیونڈ سڑک کا استعمال ترک کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شریف برادران اور ان کی فیملی پر دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے جس کی وجہ سے انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی نقل و حرکت انتہائی محدود کر دیں۔ تجویز دی گئی ہے کہ آمدورفت کیلئے لاہور سے رائیونڈ سڑک کی بجائے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جائے۔ اہم شخصیات کی رہائش گاہوں سمیت صوبہ بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اپنی حدود میں سرچ آپریشن اور کرائے داروں کے کوائف کے حوالے سے احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی گئی اور اہم سرکاری ونجی عمارتوں والے مقامات پر کسی بھی ممکنہ کارروائی سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ دریں اثنا نواحی گائوں آرائیاں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حساس اداروں کو مذکورہ علاقے میں غیر معمولی سرگرمیوں کے حوالے سے اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد حساس اداروں اور پولیس نے مذکورہ علاقے کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا تو اسی دوران وہاں سے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔ رینجرز سمیت دیگر سکیورٹی اداروں نے پولیس کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ آپریشن میں صابر نامی پولیس اہلکار شہید جبکہ افضل، ساجد او مظہر سمیت 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
سکیورٹی/ رپورٹ