مقبوضہ کشمیر: غزہ پر اسرائیلی حملوں‘ سرینگر میں فوجی گاڑی کی ٹکر سے 7 افراد کی ہلاکت کیخلاف ہڑتال‘ مظاہرے
سرینگر (کے پی آئی) غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور سرینگر میں فوجی گاڑی کی ٹکر سے 7افراد کی ہلاکت کیخلاف جمعرات کو سید علی گیلانی، شبیر احمد شاہ اور پیپلز لیگ کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال و احتجاج کیاگیا۔ آج جمعہ کو بھی نماز جمعہ کے بعد احتجاج کی کال دی گئی ہے ۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ اقوامِ متحدہ کی بے عملی کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے اس ادارے سے اپنے اپنے ملک کی رکنیت کو فی الحال معطل رکھیں، اسرائیل کے ساتھ اپنے تمام تر سفارتی رابطے ختم کریں اور اپنے اپنے ملکوں میں اسرائیلی مصنوعات کی درآمدگی پر پابندی لگائیں۔ سرینگر میں جہاں نیشنل کانفرنس اور بی جے پی نے اسرائیل کے خلاف احتجاجی جلوس نکالے۔ ہزاروں طلباء نے سول لائنز میںاحتجاجی ریلیاں نکالیں۔نیشنل کانفرنس کے سینکڑوں ورکروں نے پارٹی ہیڈ کوارٹر سے معاون جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصطفے کمال اور یوتھ صدر سلمان ساگر کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا۔ احتجاجی مظاہرین نے اس موقع پر اسرائیل کے خلاف نعرہ بازی کی جبکہ مین چوک شوپیاں میں جمع ہوکر مطالبہ کیا کہ بھارتی پارلیمان متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کرے جس میں فلسطینی شہروں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی جائے ۔