• news

ماضی کی بری حکمرانی کی وجہ سے پاکستان دنیا میں پیچھے رہ گیا: صدر ممنون

اسلام آباد (آئی این پی+ ثناء نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز کی مدد اور انکی بحالی وقت کا اہم تقاضہ ہے، آئی ڈی پیز کی طبی امداد کے لئے سرگرمیوں میں میری مدد آپکے ساتھ ہے، ماضی کی بری حکمرانی کی وجہ سے پاکستان دنیا میں پیچھے رہ گیا ہے، حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ مخلص دوست پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔ ہمیں چین، ترکی اور سعودی عرب کی امداد سے فائدہ اٹھانا چاہئے، پاکستان کے بارے میں غلط تاثرات دور کرنے میں جلد کامیاب ہو جائیں گے۔ پولیو کے مسئلہ کا ذمہ دار پاکستان نہیں دوسرے ممالک کی مسلط کردہ جنگیں ہیں۔ پولیو کی وجہ سے پاکستان پر عائد پابندیاں جلد ختم کروائی جائیں گی۔ امن و امان، تعلیم و صحت ملک کے سب سے بڑے مسائل ہیں۔ وہ جمعرات کو شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی سینٹ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہے، مسائل کے حل کیلئے قوم یکسو ہو جائے۔ امن وامان، تعلیم وصحت ملک کے سب سے بڑے مسائل ہیں۔ موجودہ مسائل ورثے میں ملے ہیں، سابقہ حکومتوں کی توانائی بحران پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے حکومت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم حکومت ملک کو مسائل سے نکالانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن