’’فوجی طیارہ سمجھ کر مسافر جہاز مار گرایا‘‘ یوکرائنی علیحدگی پسندوں کی گفتگو جاری، تحقیقات کے لئے روس اور یوکرائن جنگ بندی کریں: اوباما
کیف، واشنگٹن، ماسکو( نوائے وقت رپورٹ) یوکرائن نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں نے یوکرائن کا فوجی طیارہ سمجھ کر میزائل داغا، ملبے سے سینڈل اور سکول بیگز ملے تو حقیقت کھلی کہ ملائیشیا کا مسافر طیارہ تھا۔ یوکرائن کی سکیورٹی ایجنسیوں نے واقعہ کے فوراً بعد باغیوں کی وہ مبینہ گفتگو جاری کردی جس میں پہلے باغیوں نے یوکرائن آرمی کا کارگو طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا لیکن پھر ملبے سے سینڈل، سکول بیگز ملے تو پتا چلا کہ مسافر جہاز تھا تو غلطی کا احساس ہوا کہ 295 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شواہد سے پتہ چلتا ہے روس حامی علیحدگی پسندوں نے یوکرائن سے میزائل حملہ کیا۔ تحقیقات کے لئے روس اور یوکرائن جنگ بندی کا اعلان کریں۔ طیارے میں ایک امریکی شہری بھی تھا۔ امریکی ایجنسیاں تحقیقات میں مدد کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ سے متعلق بات ہوگی۔ امریکی حکام کے مطابق روسی ساختہ میزائل سے جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔ 298 مسافروں کو لے کر جانے والی ملائشین ائیر لائن کی پرواز ایم ایچ سیونٹین یوکرائن سے گزرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ یوکرائن، آسٹریلیا اور برطانیہ نے بھی اسے روس نواز علیحدگی پسندوں کی کارروائی قرار دیا ہے۔ یوکرائن کے صدر پیٹرو پورو شنکو نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ نہیں دہشت گردی کی کارروائی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق جہاز کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے روسی ساختہ ایس اے الیون اور ایس اے ٹوئنٹی سے نشانہ بنایا گیا تاہم علیحدگی پسندوں نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ باغیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس دس ہزار فٹ کی بلندی پر بھی کسی طیارے کو نشانہ بنانے کی تکنیکی صلاحیت نہیں۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے یوکرائن کے فوجی تنازع کو طیارے کی تباہی کا سبب قرار دیتے ہوئے یوکرائن حکومت کو اس کا ذمہ دار قرار دیا ہے جس کی حدود میں یہ ہولناک واقعہ پیش آیا۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی رہنماؤں نے ملائشین طیارے کے ہولناک حادثے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔ ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق نے مطالبہ کیا کہ اگر طیارے کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا ہے تو ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر فوری انصاف دیا جائے۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ملائیشین وزیراعظم کو فون کرکے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون نے ملائیشین طیارہ حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی سطح پر تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔ کیف میں عوام نے نیدرلینڈ کے سفارت خانے کے باہر شمعیں روشن کیں اور متاثرین کی یاد میں پھول رکھے۔ مشرقی یوکرائن کے روس نواز علیحدگی پسندوں نے بین الاقوامی تفتیش کاروں کو اس جگہ تک رسائی دے دی جہاں ملائیشیا ائیرلائن کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اجلاس کے دوران ملائیشین طیارے کی تباہی کی آزادانہ عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ تاحال ایم ایچ 17 طیارہ کے شواہد کا جائزہ لے رہا ہے۔ چین کی سرکاری خبر ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ ملائیشین طیارے کو مار گرائے جانے میں روس کو ملوث کرنے میں جلد بازی سے کام نہ لیا جائے۔ ایک بیان میں چینی ترجمان نے کہا کہ یہ ایک ناقابل برداشت دہشت گردانہ حملہ ہے اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق روس نواز علیحدگی پسندوں نے عالمی اداروں اور یوکرائن کو ملائیشیا کے گرنے والے طیارے تک رسائی دے دی۔ امدادی ٹیموں کو طیارے کے دو بلیک باکس مل گئے۔ حادثے میں مرنے والے 189 افراد کا تعلق ہالینڈ سے تھا۔ ایم ایچ 17 طیارے میں مرنے والوں کے لواحقین کو 5 ہزار ڈالر ابتدائی اخراجات کے طور پر دئیے جائیں گے۔