کوئٹہ: خضدار میں فائرنگ باپ بیٹے سمیت6 افراد جاں بحق ،ایف سی ، نیوی کے قافلوں پر حملے
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) بلوچستان کے مختلف شہروں میں تخریب کاری کے واقعات میں باپ بیٹے پوتے سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پشتون آباد کے علاقے محمود آباد میں مسجد سے نماز پڑھ کر باہر آنیوالے افراد پر موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے 4 افراد محمد ایوب اس کا بیٹا سعید پوتا عمیر اور ایک نوجوان ابراہیم شامل ہے جاں بحق، 2 شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔ مشتعل افراد نے احتجاج کیا اور میتوں کو اٹھانے سے انکار کر دیا۔ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق چاروں افراد انکی پارٹی کے کارکن تھے علاوہ ازیں کوئٹہ میں ہی کراچی روڈ پر شیخ زاید ہسپتال کے قریب دہشت گردوں نے ایف سی کے گزرنے والے قافلے کو موٹرسائیکل میں بم نصب کر کے نشانہ بنایا دھماکے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا جبکہ ایف سی کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی۔ ادھر خضدار کے علاقے کھٹان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 بھائی جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کی دیگر تفصیلات معلوم نہ ہو سکیں۔ علاوہ ازیں تربت سے گوادر جانیوالے نیوی کے قافلے پر نامعلوم افراد نے راکٹوں سے حملہ کر دیا تاہم راکٹ قافلے کے قریب گر کر پھٹے جن سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔