غزہ میں مزید52 فلسطینی شہید، لاہور سمیت ملک بھر میں احتجاج، اسرائیلی پرچم نذر آتش
غزہ/ لاہور (آن لائن + اے ایف پی+ نمائندگان+ خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) اسرائیلی فوج نے غزہ میں وحشیانہ کارروائیاں مزید تیز کر تے ہوئے غزہ کی پٹی کے اندر زمینی کارروائی شروع کردی۔ تازہ حملوں میں مزید 56 فلسطینی شہید ہو گئے، اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 297 ہوگئی۔ جھڑپ کے دوران ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا۔ اسرائیلی فوج نے جمعہ کی صبح ٹینکوں سے گولہ باری کرتے ہوئے غزہ کے جنوبی شہر رفاہ میں پانچ ماہ کی معصوم بچی سمیت 6 فلسطینیو ں کو شہید کر دیا۔ بمباری سے ہسپتال میں موجود کوما اور فالج زدہ 14 مریضوں سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل غزہ شہر میں ایک گھر پر فضائی حملے میں تین بے گناہ بچے شہید ہوئے۔ غزہ اور اسرائیلی بارڈر پر سرنگ کے ذریعے سرحد عبور کرنے والے حماس کے درجن سے زائد ارکان پر بمباری کی گئی۔ حماس کے ترجمان نے اسرائیل کوخبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اس اقدام کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ ادھراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اسرائیل پر فلسطینی شہریوں کی زندگیوں کو بچانے پر زور دیا ہے۔ پاکستان میں جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے زیر اہتمام اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں سے اظہا ریکجہتی کیلئے ملک گیر سطح پریوم احتجاج منایاگیا۔ لاہور، ملتان، اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں و علاقوںمیں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے، ریلیاں نکالی گئیں اور جلسوں، کانفرنسوں اور اجتماعی خطبات جمعہ کا اہتمام کیا گیا۔ مظاہروں اور ریلیوں کے دوران اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کئے گئے۔ مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اوراسرائیل و امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سب سے بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک لاہورمیں کیا گیا۔ دریں اثناء فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف مسلم لیگ ن کے زیراہتمام ’’یوم مذمت اسرائیل‘‘ منایا گیا۔ مرکزی تقریب مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ پرویز ملک نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان نے کہا کہ اسرائیل کی بمباری جنگی جرم ہے جس کا بین الاقوامی اداروں کو نوٹس لینا چاہئے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سنی تحریک کے زیراہتمام مظلوم فلسطینیوں کے حق میںاور اسرائیلیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جبکہ اوباما نے ایک بار پھر کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ اسلامی دنیا اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا بھرپور نوٹس لے۔ پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی اسرائیلی جارحیت کے خلاف نکالی گئی ’’احتجاجی ریلی‘‘ کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاکستان سنی تحریک اور جماعت الصفہ پاکستان کے زیراہتمام فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی بربریت کے خلاف شیر ربانی چوک جامع مسجد الفاروق کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ دریں اثناء اہلسنت والجماعت نے یوم یکجہتی فلسطین منایا، محمد احمد لدھیانوی اور خادم حسین ڈھلوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بربریت پرعالمی برادری کی خاموشی مایوس کن ہے، او آئی سی سمیت مسلم ممالک فلسطین کے حق میں آواز بلندکریں۔ علاوہ ازیں جمعیت علماء اسلام ضلع لاہور کے زیراہتمام اسرائیلی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج منایاگیا۔ جماعت اہلسنّت کے زیراہتمام فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں یومِ احتجاج منایا گیا اور علمائے کرام نے مسئلہ فلسطین کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا۔ علاوہ ازیں چیئرمین سنی اتحاد کونسل حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت اسرائیل‘‘ منایا گیا اور جمعہ کے اجتماعات میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں جبکہ نمازجمعہ کے بعد لاہور، کراچی، فیصل آباد، سمندری اور منڈی بہائو الدین سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعتہ الوداع کو یوم یکجہتی فلسطین کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلائے۔ جمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میںفلسطینی عوام پراسرائیلی افواج کی طرف سے بم باری اور بے گناہ فلسطینی عوام کی شہادت کے خلاف یوم مذمت منایا گیا۔ اس موقع پر قاری محمد زوار بہادر نے کہا رمضان المبارک کے مقدس ایام میں نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیلی حکام کی طرف سے بم باری اور سینکڑوں بے گناہ عوام کی شہادت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کی اپیل پر اسرائیلی مظالم کے خلاف مساجد میں مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں جن میں اسرائیلی مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرے ہوئے اسے کھلی دہشت گر دی قرار دیا ہے۔ دریں اثناء حماس کے سربراہ خالد مشعل نے جمعہ کو کہا کہ غزہ میں اسرائیل کا زمینی حملہ ناکام ہو کر رہے گا، یہ بات انہوں نے قطر کے دارالحکومت میں فرانسیسی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ علاوہ ازیں پوپ فرانسس نے اسرائیلی صدر شمعون پیریز اور فلسطینی صدر محمود عباس کو فون کیا ہے کہ دونوں فریقین فوری طور پر جنگ بندی پر آمادہ ہوں۔ ویٹی کن سٹی کے بیان کے مطابق پوپ فرانسس نے جمعہ کے دن دونوں فریقین کو فون کیا۔