مانسہرہ: فائرنگ، دستی بم حملہ 2 افراد جاں بحق، ہنگو میں 3 دھماکے
مانسہرہ + ہنگو (نوائے وقت رپورٹ + ثناء نیوز) خیبر پی کے کے ضلع مانسہرہ کے علاقے پنجاب چوک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ ڈی ایس پی ذوالفقار جدون کے مطابق پیچھا کرنے پر ایک نے لوگوں پر دستی بم پھینک دیا جس کے پھٹنے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء ضلع ھنگو میں تین گھروں کے ساتھ نصب شدہ بارودی مواد کے 3 دھماکوں میں دو گھروں کے مین گیٹ تباہ ایک گھر کی چاردیواری گر گئی، ڈی پی او ھنگو انور سعید کنڈی نے بتایا کہ پہلا دھماکہ بڑھ عباس خیل میں پولٹری فارم کے مالک حاجی لطیف کے گھر کے مین گیٹ کے ساتھ نصب شدہ بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس سے گھر کا مین گیٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اسی شب دوسرا دھماکہ قاضی پمپ میں ہوا جہاں پر ملک پیا ؤخان کے گھر کے ساتھ نصب شدہ بارودی مواد پھٹنے سے گھر کے چاردیواری گر گئی۔ اسی طرح درسمند میں خان زادہ نامی شخص کے گھر کے مین گیٹ کے ساتھ نصب شدہ بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس سے گھر کا مین گیٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تینوں دھماکوں میں تین ،تین کلو بارود استعمال ہوا تا ہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔