وزیرصحت سندھ اور وزیراعلیٰ کے داماد سیکرٹری میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، گورنر کا نوٹس
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر اور سیکرٹری صحت اقبال درانی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ وزیر صحت سندھ نے سیکرٹری صحت کی شکایت کیلئے وزیراعلیٰ کو خط لکھ دیا۔ سیکرٹری صحت سندھ اقبال درانی وزیراعلیٰ سندھ کے داماد ہیں۔ وزیر صحت نے شکایت کی ہے کہ سیکرٹری صحت من پسند افراد کو پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کررہے ہیں۔ محکمہ صحت کو دو حصوں میں تقسیم کرنے پر مجھ سے مشورہ نہیں کیا۔ سیکرٹری صحت اقبال درانی مجھ سے منظوری لئے بغیر سمریاں وزیراعلیٰ کو بھجوا رہے ہیں۔اقبال درانی ناقص کارکردگی کے باوجود اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ گورنر سندھ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر صحت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملہ جلد حل کرلیا جائیگا۔ سیکرٹری صحت سندھ اقبال درانی نے کہا ہے کہ وزیر صحت نے 5 سال میں کونسا کارنامہ سرانجام دیا ہے، سول سرونٹ ہوں کوئی وزیر مجھے عہدے سے نہیں ہٹا سکتا۔