’’یوم علیؓ‘‘ پنجاب کے8اضلاع انتہائی حساس قرار، سندھ کے 4شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی
لاہور (ثناء نیوز+اے پی اے) صوبائی حکومت نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر پنجاب کے 8 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیدیا ہے جبکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے لاہور میں چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے پنجاب میں یوم شہادت حضرت علیؓ پر ممکنہ دہشت گردی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کو آگاہ کر دیا ہے جس کے بعد صوبائی حکومت نے آٹھ اضلاع اور 25 مقامات کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان اور بہاولپور شامل ہیں۔ بہاولپور میں 9 مقامات اور ڈی جی خان میں چار مقامات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ راولپنڈی ، فیصل آباد اور ملتان میں دو جبکہ ساہیوال میں ایک مقام کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ دریں اثناء یوم علیؓ پر راولپنڈی میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کیلئے پنجاب حکومت نے سفارشات وزارت داخلہ کو بھجوا دیں اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی۔ ادھر کراچی میں یوم علیؓ کے پیش نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر دئیے گئے ہیں۔ شہر میں موبائل فون سروس 20جولائی کو صبح چار سے رات گیارہ بجے تک بند رہیگی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہو گی۔ کراچی، لاڑکانہ، حیدر آباد اور سکھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی آج سے دو روز تک نافذ ہو گی جبکہ کراچی میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ شہر میں پولیس اور رینجرز کے 16ہزار جوان تعینات کئے جائیں گے۔ ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دئیے جائیں گے جبکہ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
پنجاب 8اضلاع