سبی کے قریب ٹرک ویگن تصادم، ڈرائیور سمیت 10 افراد جاں بحق
سبی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) لمجی کے قریب تیز رفتار منی ٹرک اور کوئٹہ سے جیکب آباد جانے والی مسافر ویگن میں تصادم سے ڈرائیور سمیت 10 مسافر موقع پر جان بحق 12 زخمی ہوگئے۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک سول ہسپتال سبی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بولان کے علاقہ لمجی کے قریب کوئٹہ سے جیکب آباد جانے والی مسافر ویگن سامنے سے انے والے تیز رفتار مزاد ٹرک سے ٹکر گئی جس کے نتیجے میں مسافر ویگن کا ڈرائیورعبدالصمد مینگل، غلام محمد جتوئی ، روی کمار سمیت 10 افراد جان بحق ہوگئے جبکہ امام بخش، سہیل احمد، عبدالجلیل، محمد جاوید، محمد ایاز، رضا محمد سمیت 12مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سبی کے سول ہسپتال میںایمر جنسی نافذ کردی گئی جبکہ ایمبولینسزموقع پر بھیج دیں گئی۔ جاں بحق اور شدید زخموںکو ایمبولینسزکے ذریعے سبی لایا گیا۔ شدید زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کوئٹہ کیلئے بھیج دیا گیا۔ حادثہ کاشکار ویگن کے کئی زخمیوں کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سبی کے کئی نوجوان اپنے خون دینے ہسپتال پہنچ گئے۔