صفدر آباد: عطائی نے معصوم بچے، ڈاکٹر نے اپنڈکس آپریشن سے مریض مار دیا
صفدر آباد (نامہ نگار) صفدر آباد میں عطائی نے معصوم بچے کو انجکشن لگا کر زندگی سے محروم کر دیا جبکہ ایک نجی ہسپتال کے ڈاکٹر نے اپنڈکس کا آپریشن کرکے مریض کی جان لے لی۔ یکے بعد دیگرے دو اموات ہونے پر شہر میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔ محلہ سعید نگر کا نذیر احمد اوڈ اپنے چار ماہ کے معصوم بچے عبداللہ کو بخار کی حالت میں ایک عطائی خالد کے کلینک پر پہنچے۔ عطائی نے معصوم کو انجکشن لگاکر گھر بھیج دیا۔ بعدازاں ایک گھنٹہ بعد معصوم عبداللہ جاں بحق ہو گیا۔ بچے کے ورثاء نے عطائی کو قابو کرکے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔ دوسرا واقعہ ایک نجی ہسپتال میں پیش آیا جہاں ایک شخص محمد اقبال علاج معالجہ کیلئے آیا، معائنہ کے بعد ڈاکٹروں نے اسے اپنڈکس قرار دیا اور مریض کا آپریشن کر دیا۔ آپریشن کے بعد مریض کی حالت خراب ہو گئی جسے تشویش ناک حالت کے پیش نظر مقامی ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے عطائیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔